ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹیکہ کاری کا دائرہ بڑھانےکیلئےاب گھرگھر دستک مہم وزیر اعظم مودی نے آغاز کیا، بااثر مذہبی شخصیات سے مدد لینے کی ہدایت

ٹیکہ کاری کا دائرہ بڑھانےکیلئےاب گھرگھر دستک مہم وزیر اعظم مودی نے آغاز کیا، بااثر مذہبی شخصیات سے مدد لینے کی ہدایت

Thu, 04 Nov 2021 12:01:00    S.O. News Service

نئی دہلی، 4؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  ملک کے کچھ اضلاع میں کووڈٹیکہ کاری کم ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ان اضلاع کے افسران سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو بیدار کریں اور گھر گھر دستک دے کر ٹیکہ لگانے کی حکمت عملی پر کام کریں۔ یورپ کے دورے سے واپسی کے فوراً بعد مودی نے بدھ کو کم ٹیکہ کاری والی ریاستوں کے ضلع مجسٹریٹس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان اضلاع میں 50؍ فیصد سے کم  افراد کو ٹیکے کی پہلی خوراک دی گئی ہے اور بہت  ہی کم لوگوں کو دوسری خوراک ملی ہے۔ ان میں جھارکھنڈ، منی پور، ناگالینڈ، اروناچل پردیش، مہاراشٹر، میگھالیہ اور کچھ دوسری ریاستوں کے 40؍سے زیادہ اضلاع شامل ہیں۔ 

 بات چیت کے دوران ضلع مجسٹریٹس نے وزیر اعظم کو ان حالات اور چیلنجوں سے آگاہ کیا جن کی وجہ سے ٹیکہ کاری مہم کی کوریج میں کمی درج کی گئی ہے۔وزیراعظم نے حکام سے کہا کہ ٹیکہ کاری مہم کی کوریج بڑھانے کے لئے اب ہر گھر میں دستک دینے کی حکمت عملی اپنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک آپ سب نے لوگوں کو ٹیکہ کاری سینٹر لے جانے اور وہاں محفوظ ٹیکہ کاری کے انتظامات  کئے ہیں لیکن  اب ہر گھر ویکسین، گھر گھر ویکسین، کے جذبے کے ساتھ آپ کو ہر گھر تک پہنچنا ہے۔ ہر گھر  دستک دیتے وقت آپ کو پہلی خوراک کے ساتھ دوسری خوراک پر بھی یکساں توجہ دینی ہوگی۔  وزیر اعظم نے افسران سے کہا کہ ماضی کے تجربے کی بنیاد پر انہیں چھوٹی سطح پر حکمت عملی بنانی چا ہئے اور کوتاہیوں کو دور کرنے کے  لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ آپ کو اپنے ضلع کو قومی اوسط کے قریب لانے کے  لئے بہترین حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔ آپ کو ان لوگوں سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے ابھی تک دوسری خوراک نہیں لی ہے اور اسے ملتوی کر رہے ہیں۔ 

 مودی نے کہا کہ سو سال کی اس سب سے بڑی عالمی وباء میں ملک کو متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑرہا  ہے۔ اس لڑائی میں ایک خاص بات یہ رہی کہ ملک نے نئے حل تلاش کیے اور نئے طریقے آزمائے۔ اگر آپ اپنے اضلاع کے ہر گاؤں، ہر شہر کے لیے علاحدہ حکمت عملی بنانا چاہتے ہیں، تو ایسا بھی کریں۔ آپ علاقہ کے لحاظ سے20؍ سے 25؍ افراد کی ٹیم بنا کر بھی ایسا کر سکتے ہیں۔ ٹیکہ کاری کے حوالے سے لوگوں میں پھیلی افواہوں اور کنفیوژن کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو باخبرکر کے اسے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس  معاملے میں با اثر  مذہبی لیڈران سے بھی زیادہ سے زیادہ مدد لی جا سکتی ہے۔ انہوں نے پوپ فرانسس کے ساتھ ٹیکہ کاری سے متعلق اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ویکسین سے متعلق مذہبی رہنماؤں کے پیغام کو عوام تک پہنچانے پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی۔


Share: